جاگ کراچی کے زیر اہتمام ویب سائٹ سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد

کراچی۔ طلبہ اور صحافیوں کو دور جدید کی تکنیکی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ’جاگ کراچی‘ کے زیر اہتمام ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ’’ہائو ٹو اون ویب سائٹ ‘‘کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ کے ٹرینر ڈیجیٹل صحافی سید فواد رضا اور مہمان مقرر صحافی علی عمران جونیئر تھے۔

ورکشاپ کے پہلے دور میں فواد رضا نے صحافیوں کو ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری سے ہم آہنگی سے متعلق لیکچر دیتے ہوئے بتایا کہ کس طرح صحافی یا نوجوانوں کی ٹیم اپنی ویب سائٹ یا یوٹیوب چینل بنا کر نہ صرف ڈیجیٹل صحافت میں قدم رکھ سکتے ہیں بلکہ متبادل ذریعہ معاش بھی اختیار کرسکتے ہیں۔

سوال و جواب کے سیشن میں انہوں نے سوالات کے تسلی بخش جواب دیے اور شرکا کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ دوسرے دور میں صحافی علی عمران جونیئر نے اپنے کیریئر کے سفر پر روشنی ڈالی اور روایتی میڈیا سے ڈیجیٹل میڈیا میں آنے کا سبب بیان کیا۔

میڈیا انڈسٹری میں موجود بحران سے نبرد آزما ہونے کے لیے انہوں نے کچھ مفید مشورے بھی دیے۔جاگ کراچی شہر قائد کے نوجوانوں کے لیے جلد ہی ایک میڈیا کورس بھی شروع کررہا ہے۔

Facebook Comments