آج کل موسم گرما بھی اپنے عروج پہ ہے اور عیدکی تعطیلات بھی چل رہی ہیں اورساتھ ہی ساتھ تعلیمی اداروں میں موسم  گرماکی چھٹیاں بھی شروع ہوچکی ہیں۔ ان تمام مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اکثردوست احباب چھٹیاں گزارنے شمالی علاقہ جات یادیگرصحت افزاپہاڑی مقامات کارخ کرتے ہیں۔ یہ ایک بہت اچھی اور صحت مندانہ سرگرمی ہے لیکن نوآموزحضرات شاید اس چیزسے آگاہی نہ رکھتے ہوں کہ تمام سیاحتی مقامات پہ قائم ہوٹل والوں کابھی یہ سیزن ہوتاہے اوراس دوران وہ اپنے من چاہے کرائے وصول کرتے ہیں۔ایسے میں خصوصاً اسکول اورکالج (سرکاری اورپرائیویٹ دونوں) کے طلبہ و طالبات کو میں مشورہ دوں گاکہ اگرآپ سیرو تفریح کے ساتھ ساتھ کچھ سیکھنے کے بھی خواہش مند ہیں تواسکاؤٹنگ آپ کیےلئے بہترین رہے گی۔ طالبات کے لیے گرلزگائیڈکاادارہ موجودہے۔جہاں سے تربیت لے کرہمارے تعلیمی اداروں کی بچیاں بھی بہت ساری مثبت سرگرمیوں کواپنے ماحول اور معاشرے میں فروغ دے سکتی ہیں۔

اسکاؤٹس ہو یا گرلز گائیڈ، ہر ایک کا یہ تربیتی ٹور ایک ہفتہ پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ تربیتی کیمپ مری کی خوشگوار فضاؤں اور تازہ ہواؤں کے حامل انتہائی خوبصورت اور تاریخی مقام گھوڑاگلی میں واقع ہے، جہاں پر حکومت پاکستان نے ایک وسیع علاقہ براعظم ایشیاکے سب سے بڑے اس گرمائی تربیتی کیمپ کے لیے وقف کررکھاہے۔ وہاں کی صاف ستھری آب وہوا اورقدرتی چشموں کا انتہائی ٹھنڈا اورمیٹھا پانی ایک ایسی نعمت ہے کہ جوآپ کوہمیشہ یادرہے گی۔ ہمارے میدانی علاقومیں جون، جولائی اوراگست کے مہینوں میں جھلسادینے والی گرمی کاوہاں تصور بھی نہیں ہے۔گردوغباراورپسینے سے دوریہ سہاناموسم آپ کو خوابوں اورتخیلات کی وادی کامسافربنادے گا۔ وہاں پرآپ فطرت کے اتنے قریب ہوتے ہیں کہ رنگ، ترتیب، شوخیاں، گنگناہٹ اورشاعری آپ کے مزاج کاحصہ بن جاتے ہیں اور یہ آپ کے لیے معقول اخراجات میں ایک ایسی شاندار تفریح ہے کہ جس کاآج کی مہنگائی کے دور میں تصوربھی نہیں کیا جاسکتا۔

قارئین کرام! اسی کیمپ میں مختلف کورسزبھی کروائے جاتے ہیں جیسے”اسکاؤٹ ماسٹر”اور”وڈبیج” وغیرہ۔ ان کورسز کے کامیاب اختتام پر آپ کی ڈیوٹی سرکاری سطح پرحاجی کیمپ میں بھی لگ سکتی ہے اورخوش نصینی سے بذریعہ قرعہ اندازی آپ کو حکومت پاکستان مفت حج کی سہولت بھی دیتی ہے۔ چنانچہ آپ اس قیمتی وقت کابھرپور فائدہ اٹھائیں اوراپنی ذہنی وجسمانی آسودگی کی خاطر کچھ وقت اپنے لیے ضرورنکالیں اورخوب انجوائے کریں۔ اگرآپ اپناکاروبارکرتے ہیں یا کہیں جاب کرتے ہیں توبھی میں سمجھتاہوں کہ پھرتوآپ پہ یہ ٹور لازم ہے۔ اس لیے کہ آپ کی فٹنس اور کارکردگی کوبہتربنانے کیلیے سالانہ ٹورز اکسیرکادرجہ رکھتے ہیں۔ جیساکہ بعض سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں ریفریشرکورس کروائے جاتے ہیں اسی طرح سیروتفریح بھی آپ کی زندگی اور کاروبارکالازمی جزوہوناچاہئے۔ اسکاؤٹنگ ایک ایساپلیٹ فارم ہے کہ جہاں آپ کواپنی چھپی ہوئی اورخوابیدہ صلاحیتوں کاپتاچلتاہے اوران تمام پوشیدہ اورمثبت سرگرمیوں کوایک نئی زندگی ملتی ہے۔ یہ وہاں کے ماحول اور آب وہواکااثرہے کہ آپ کے اندرکاجوبچہ ہے وہ اپنی تمام تر شرارتوں اوربچپنے کے ساتھ بھر پورانگڑائی لے کر بیدارہوجاتاہے اور آنے والے کم ازکم ایک سال کے لیے آپ کوتازہ دم اورچاک وچوبندرکھتاہے یہ میراذاتی تجربہ ہے۔
اسی ایک ہفتہ کے دوران آپ چاہیں توپنڈی پوائنٹ والی چئیرلفٹ کالطف اٹھاسکتے ہیں۔مال روڈاورکشمیرپوائنٹ کی رونقیں انجوائے کرسکتے ہیں۔بلندوبالاپہاڑوں سے اترتے دھواں دھواںسے بادلوں کے پس منظرمیں بھاپ اڑاتی خوش ذائقہ چائے ا ٓپ کے اس وقت کوخوشگواربنادے گی۔ انھی سات دنوں میں سے وقت نکال کر آپ ایوبیہ چلے جائیں جواس ریجن کا بلندترین مقام ہے اور خیبرپختونخوا میں واقع ہے۔ ایوبیہ میں بھی چئیرلفٹ لگی ہوئی ہے۔ یہاں کے چپلی کباب بہت مشہور ہیں۔ یہاں سے کچھ ہی آگے نتھیاگلی کامشہورمقام ہے۔کسی اوردن وقت نکالیں اورنیومری کے لیے عازم ِ سفرہوجائیں۔ یہاں پرایشیاءکی سب سے بڑی چئیرلفٹ اور کیبل کار ہے اورملک کے طول وعرض سے لوگ جوق درجوق یہاں آتے ہیں اورایک بھرپوراورشانداردن گزارکر لوٹتے ہیں۔

اسکاؤٹنگ میں مندرجہ ذیل سہولیات سے آپ بھرپورفائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

معیاری تفریح، کم خرچ بالانشیں،  گروپ ٹورز، فرسٹ ایڈ کی تربیت، ٹریفک رولز کی تربیت ،  قدرتی آفات سے نپٹنے کی تربیت،  حالت جنگ کے حوالے سےخصوصی تربیت، ہائیکنگ،  ٹریکنگ، کیمپ فائر، علوم وفنون کی مشہورشخصیات سے ملاقات کاموقع، فوٹوگرافی، کوکنگ اینڈ پریزنٹیشن، خیمہ لگانے کی تربیت، خالص علمی اور تفریحی ماحول اس کے علاوہ بھی بہت کچھ سیکھنے اورسکھانے کو ملتا ہے۔ اس دوران آپ دوسروں کے تجربات سے اوردوسرے لوگ آپ کے تجربات سے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔

بوائے اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈمیں رجسٹریشن کروانے کا طریقہ کاریہ ہے کہ اپنے متعلقہ تعلیمی اداروں کے فزیکل انسٹرکٹرزسے رابطہ میں رہیں اورجیسے ہی گرمائی چھٹیاں قریب آئیں اپنانام لکھوادیں۔ نیز”EDO”آفس سے بھی رابطے میں رہیں، تاکہ اس سمرکیمپ میں جانے کے وقت اور تاریخ سے آپ آگاہ رہیں۔ اگرتوآپ طالب علم ہیں توپھرتوکوئی مشکل ہی نہیں ہےلیکن اگرآپ تعلیمی دورسے فارغ ہوچکے ہیں توبھی آپ اس کیمپ میں جانے والے اپنے قریبی ادارے کے ساتھ منسلک ہوسکتے ہیں اوراگرآپ کااپنادوستوں کاگروپ ہے تو آپ اپنے گروپ کی رجسٹریشن کرواکرلیٹربنوالیں اوروہاں جاکرانجوائے کریں۔ ایک گروپ 9افرادپرمشتمل ہوتاہے جس میں آٹھ اسکاؤٹ اورنواں اسکاؤٹ لیڈریاگروپ لیڈرہوتاہے۔اسی ترتیب سے گروپ بناکرآپ رجسٹریشن کرواسکتے ہیں اورخیمے حاصل کرسکتے ہیں۔ 2016تک اس کی رجسٹریشن فیس200روپے فی کس کے حساب سے ہواکرتی تھی جس کے بدلے میں آپ کو خیمہ الاٹ کردیاجاتاہےاورآپ ان کے طریقہ کار کے مطابق وہاں رہیں اورایک ہفتہ کے ٹورکے اختتام پرکیمپ انتظامیہ کی جانب سے گورنمنٹ آف پاکستان کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کریں۔

Facebook Comments